Get Alerts

سندھ حکومت کا خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سکوٹی چلانے کی تربیت کا آغاز

سندھ حکومت کا خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سکوٹی چلانے کی تربیت کا آغاز

کراچی: سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی محفوظ نقل و حرکت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کے مطابق، کراچی کے مختلف علاقوں میں سکوٹی چلانے کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر گلشنِ اقبال، کورنگی اور ملیر میں تربیتی پروگرام شروع کر دیے گئے ہیں، جس میں ورکنگ وومنز کی خصوصی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ حیدرآباد میں سکوٹی چلانے کی تربیت 18 دسمبر سے شروع ہو چکی ہے اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی یہ تربیتی پروگرام جلد شروع کیا جائے گا۔ سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد اور میرپورخاص میں بھی سکوٹی چلانے کی تربیت کا آغاز متوقع ہے۔

یہ سکیم خواتین کو محفوظ رائیڈنگ کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خود اعتمادی اور خود انحصاری کو فروغ دینے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ حکومت سندھ کا مقصد خواتین کو عملی آزادی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے کام، تعلیم اور دیگر ضروریات کے لیے آزادانہ طور پر سفر کر سکیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ خواتین کی خودمختاری صرف معاشی آزادی تک محدود نہیں، بلکہ سماجی آزادی اور محفوظ سفری سہولتوں سے بھی جڑی ہوئی ہے۔ یہ سکیم خواتین کو معاشرتی اور اقتصادی لحاظ سے خود مختار بنانے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔

سکوٹی چلانے کی تربیت حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے مزید معلومات اور درخواست کے لیے ویب سائٹ smta.sindh.gov.pk ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

ٹیگز: