اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس کے دوران اس وقت ہنگامہ آرائی ہوئی جب وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ اجلاس میں دونوں جانب سے ذاتی نوعیت کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق عبدالعلیم خان نے ہاؤسنگ سوسائٹی کو فائدہ پہنچانے کے الزام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری جرات کیسے ہوئی مجھ سے اس انداز میں بات کرنے کی ۔
اس پر سینیٹر پلوشہ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے میں کرپشن کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور وزیر کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بدتمیزی کا معاملہ پارٹی سطح پر اٹھایا جائے گا ۔ہنگامہ بڑھنے پر کمیٹی کے دیگر ارکان نے مداخلت کی اور اجلاس کو کچھ دیر کے لیے منظم کرنے کی کوشش کی گئی۔ چیئرمین کمیٹی کی مداخلت کے بعد وفاقی وزیر نے معذرت کر لی اور معاملہ رفع دفع ہوا۔