اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنماءجہانگیر ترین کے درمیان رابطہ ہوا ہے اور ملاقات کا امکان بھی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری جہانگیر ترین کیساتھ ملاقات میں عدم اعتماد کی تحریک پر تعاون مانگیں گے اور لانگ مارچ کا معاملہ بھی زیر غور آئے گاجبکہ عدم اعتماد کی تحریک کے بعد بھی انہیں ساتھ چلنے کی پیشکش کی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کیساتھ احترام کا رشتہ ہے، وہ پی ٹی آئی کے ساتھ رہیں گے اور پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے جبکہ تحریک عدم اعتماد میں بھی حصہ نہیں ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کل تک جہانگیر ترین کو چینی چور کہتی تھی اور آج کس منہ سے تعاون مانگے گی، حکومت کو نکال کر باہر کرنا اپوزیشن کے بس کی بات نہیں ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مئی میں ہوں گے جن کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کی ہے۔