کراچی : پاکستان میں یکم رمضان کے آغاز پر بینک عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔ سٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق، بینکوں کا عملہ صرف زکوٰۃ کی سالانہ کٹوتی کرے گا اور صارفین سے کسی بھی قسم کا مالیاتی لین دین نہیں کیا جائے گا۔
کرنٹ اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کی کٹوتی نہیں کی جائے گی، تاہم سیونگ اکاؤنٹس اور دیگر منافع بخش اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کی کٹوتی نصاب کے مطابق کی جائے گی۔ رواں سال زکوٰۃ کا نصاب 5 لاکھ 3 ہزار 529 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ان اکاؤنٹس میں نصاب سے زائد موجود رقم پر زکوٰۃ منہا کی جائے گی۔
رمضان کے دوران بینکوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔ بینک پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز بینک صبح 9 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک کام کریں گے۔
بینک انتظامیہ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ زکوٰۃ کی کٹوتی اور تبدیل شدہ اوقات کار کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے مالی معاملات کو ترتیب دیں۔