کراچی : کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ایک تین منزلہ عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہو گیا۔
سولجر بازار میں گیس لیکیج دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ گرگیا۔ افسوسناک واقعے میں 15 افراد جاں بحق ،18زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا جب گیس لیکج کی وجہ سے دھماکا ہوا اور عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیر لیا اور سکیورٹی بڑھا دی۔ ریسکیو اداروں نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق، عمارت کے تنگ گلیوں میں واقع ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت کے تین منزلیں تھیں، اور ہر فلور پر ایک کمرہ تھا۔ اب تک 14 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں دو بچے شامل ہیں، اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی ریسکیو 1122، بریگیڈیئر واجد نے بتایا کہ دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین کے باعث ہوا۔ انھوں نے مزید کہا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈی سی ایسٹ نے بتایا کہ عمارت کے ملبے میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ گراؤنڈ فلور پر سلنڈر دھماکا ہوا تھا، جس کی شدت کے باعث عمارت گر کر تباہ ہوگئی۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں دشواری کا سامنا ہو رہا ہے، لیکن امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
اس واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس کی فضا ہے، اور ریسکیو ٹیمیں اب بھی ملبے سے زندہ افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔