لاہور :پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی نے ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر دو سال کی پابندی عائد کر دی اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران طارق بگٹی نے بتایا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو بھجوا دیا ہے اور عماد بٹ پر 2 سال تک ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ہاکی میں شرکت پر پابندی لگا دی ہے۔
آسٹریلیا میں پاکستان ہاکی ٹیم کے دورے کے دوران بدانتظامی کے حوالے سے طارق بگٹی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے درخواست کی کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے اور جو بھی اس بے نظمی کا ذمہ دار ہو، اسے سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی وجہ سے ٹیم کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اس نے وقت پر ہوٹل بکنگ کے لیے رقم فراہم نہیں کی، اور پی ایس بی نے رقم بھیجنے میں کئی مہینے لگانے کی بات کی۔
طارق بگٹی نے مزید کہا کہ پی ایس بی کی کوتاہی کے باوجود ہاکی فیڈریشن نے اچھا کام کیا ہے اور اس کی ورلڈ رینکنگ 18ویں سے بڑھ کر 13ویں ہو چکی ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہاکی کے لیے مالی امداد فراہم کی۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس حوالے سے انکوائری مکمل کر لی ہے اور تین رکنی کمیٹی نے رپورٹ تیار کر لی ہے، جسے وزیراعظم آفس بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں پی ایچ ایف کو کئی مالی معاملات میں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔