عالمی وبا کا تدارک: پاکستان میں چینی ویکسین کے ہنگامی استعمال کرنے کی اجازت

Global pandemic prevention: Emergency use of Chinese vaccine in Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے ملک میں عالمی وبا کے تدارک کیلئے چینی ویکسین کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی مریضوں کیلئے چینی ویکسین کی اجازت اعلیٰ سطح اجلاس میں وبائی مرض کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے دی گئی ہے۔ اب چینی کمپنی سائنوفارم کی جانب سے تیار کئے گئے حفاظتی ٹیکے پاکستانی عوام کیلئے دستیاب ہونگے۔

خیال رہے کہ چینی کمپنی سائنوفارم نے پاکستانی طبی ادارے ڈریپ کو رجسٹرڈ کرنے کیلئے درخواست دی تھی۔ ڈریپ نے اس سلسلے میں چار روز تک طویل اجلاس کیا جس میں موجود حکام اور طبی ماہرین سر جوڑ کر بیٹھے اور وبائی مرض کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ چینی ادویہ ساز کمپنی کو اجازت دیدی جائے۔

خیال رہے کہ سائنوفارم کی جانب سے اس دوا کی تیاری میں چینی حکومت نے بھرپور مدد فراہم کی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دوا کی افادیت 79 فیصد تک ہے۔ پاکستان چینی کمپنی سے پہلے مرحلے میں بارہ لاکھ خوراکیں خریدے گا۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وبائی مرض میں مبتلا مزید اٹھاون مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 101، آزاد کشمیر میں 243، اسلام آباد میں 457 بلوچستان میں 190، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 731، پنجاب میں 4 ہزار 460 اور سندھ میں 3 ہزار 813 شہریوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ ملک میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 11 ہزار 55 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں ایکٹو مریضوں کی تعداد 35 ہزار 485 جبکہ صرف ایک دن میں ایک ہزار 800 افراد وبائی مرض کی تصدیق ہو چکی ہے۔