شاہد خاقان عباسی کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا

 شاہد خاقان عباسی کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا
کیپشن: سابق سیکریٹری پیٹرولیم کے وعدہ معاف گواہ بننے پر شاہد خاقان کی گرفتاری کا فیصلہ کیا، نیب۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی ٹرمینل کے معاملے میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

گزشتہ روز شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں احسن اقبال کے ساتھ لاہور جا رہے تھے۔ نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور جاتے ہوئے ٹول پلازہ پر روکا جہاں نیب حکام انہیں ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کر کے ساتھ لے گئے۔

بعدازاں نیب نے اپنے اعلامیے میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی کیس میں گرفتاری کی تصدیق بھی کردی تھی۔

نیب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سابق سیکریٹری پیٹرولیم عابد سعید کے وعدہ معاف گواہ بننے پر شاہد خاقان کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کا جمعرات کو نیب میں پیش نہ ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔

خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں پہلے وزیر پیٹرولیم رہے اور پاناما کیس میں میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد انہیں وزیراعظم بنایا گیا۔