سائفر  سازش کا ڈرامہ بے نقاب ہو چکا ،چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا ملنی چاہیے: رانا ثناء اللّٰہ

سائفر  سازش کا ڈرامہ بے نقاب ہو چکا ،چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا ملنی چاہیے: رانا ثناء اللّٰہ

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ہر قیمت پر سائفر جیسے جھوٹے ڈرامے پر سزا ملنی چاہیے۔انہوں نے پریس کانفرنس میں کہاکہ  چیئرمین پی ٹی آئی کو ہر قیمت پر سائفر جیسے جھوٹے ڈرامے پر سزا ملنی چاہیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ذاتی مفاد کے لیے کھیل کھیلا، شاہ محمود قریشی بھی سائفر ڈرامے میں پوری طرح ملوث اور اس جرم میں شریک ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی اداروں کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت یہ ڈرامہ رچایا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے ڈرامے سے ملکی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔اعظم خان کے بیان نے پی ٹی آئی کی اصل حقیقت واضح کر دی ہے، یہ بیان بتاتا ہے کہ اس ملک میں اصل میر جعفر کون ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے ملک کے ساتھ کھیل کھیلا، اداروں کو بدنام کیا، سائفر کی سازش کا ڈرامہ اب پوری طرح سے بے نقاب ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اعظم خان کا بیان منظرِ عام پر آنے والی آڈیو کی تصدیق کرتا ہے، اعظم خان کے بیان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا کہ اس دستاویز کو پبلک کرنا جرم ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جو ذاتی مفاد کے سامنے ملکی مفاد قربان کر سکتا ہے وہ کچھ بھی کرسکتا ہے۔ سائفر کی سازش واضح کرتی ہے کہ 9 مئی بھی اسی کا تسلسل ہے۔ناصرف پاکستان بلکہ پاکستان سے باہر بھی ان کی جڑیں موجود ہیں، اعظم خان نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اتنے دن کہاں تھے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اعظم خان نے بتایا کہ اتنے دن سوچنے اور سمجھنے کے بعد فیصلہ کیا کہ حقائق سامنے لاؤں، خفیہ دستاویز کو ظاہر کرنا اور اپنے ذاتی مفاد میں استعمال کرنا جرم ہے۔سائفر چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہے جو ان سے برآمد ہونا چاہیے، یہ ریاست کے مفاد کا معاملہ ہے۔ یہ جرم ہوا ہے، ریاست کی مدعیت میں یہ مقدمہ پراسیکیوشن کے لیے جائے گا۔