تل ابیب :اسرائیلی فوج نے جمعرات کی صبح ایران کے آرک (Arak) ہیوی واٹر ری ایکٹر پر کیے گئے حملے کی ویڈیو جاری کر دی۔ اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) کے مطابق یہ حملہ اس مقصد کے تحت کیا گیا کہ ری ایکٹر میں موجود وہ جز تباہ کر دیا جائے جو پلوٹونیم کی تیاری کے لیے استعمال ہونا تھا۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق مذکورہ ری ایکٹر ابھی مکمل طور پر فعال نہیں تھا، اور ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کو مطلع کیا تھا کہ یہ منصوبہ آئندہ سال تک آپریشنل ہو سکتا ہے۔
IAEA نے تصدیق کی ہے کہ حملے کے وقت ری ایکٹر میں کوئی جوہری مواد موجود نہیں تھا، اور نہ ہی کوئی ریڈیولوجیکل رسک لاحق ہوا ہے۔
ادھر ایران کی جانب سے بھی اسرائیلی اہداف پر جوابی حملے جاری ہیں، جن میں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا ہے۔ تازہ کارروائیوں میں جنوبی اسرائیل کے سوروکا میڈیکل سینٹر پر میزائل گرنے سے کم از کم 40 افراد زخمی ہوئے۔