اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے اب تک 128 ارب روپے خرچ کر چکی ہے اور اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے اور امید ہے کہ یہ رجحان آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا، جس سے عوام کو مزید ریلیف دینے کی گنجائش پیدا ہوگی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی مشکلات میں کمی اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانا ہے، اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اسی پالیسی کا حصہ ہے۔