اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستان کی معیشت اور عوام کو پہنچانے کے لیے ایک موثر حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اس کمی سے ہمیں اپنے اقتصادی استحکام میں مزید بہتری لانے کا موقع ملے گا۔
وزیراعظم نے میری ٹائم شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے، تاکہ ملکی معیشت کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اوسطاً 7.5 روپے فی یونٹ کمی کی ہے جس سے گھریلو اور صنعتی صارفین کو ریلیف ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں پیداواری لاگت میں کمی ہوگی اور یہ تمام شعبوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی استحکام کی کوششیں جاری ہیں اور ہم اس عمل میں کامیاب ہیں۔