اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے اگلے مرحلے کو کامیابی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایران-امریکا معاہدے پر مبارکباد دی، جبکہ وزیراعظم نے بھی انہیں “اسلام آباد امن معاہدے” پر دستخط ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مسلسل محنت کے نتیجے میں امن معاہدہ کامیابی سے ممکن ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران-امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے کو بھی مکمل تعاون کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا اور مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مکمل چوکسی اختیار کی جائے گی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب جامع اقتصادی پیکج کو حتمی شکل دے کر جلد اس پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو اپنے دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایران اور امریکا کے باقی ماندہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی مضبوط حمایت کے باعث یہ امن معاہدہ چند ماہ میں ممکن ہوا۔ انہوں نے امن کوششوں میں مسلسل تعاون پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور بحران کے دوران ان کے کردار کو سراہا۔