اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلیفون کیا اور انہیں عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس انتہائی گرمجوش گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورتحال اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے صدر اردوان، ان کے اہلِ خانہ اور برادر ترک عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جس کا صدر اردوان نے پرتپاک جواب دیا۔ دونوں رہنماؤں نے دعا کی کہ یہ عید پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، اتحاد اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہو۔وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں جاری کشیدگی، بالخصوص ترکیہ پر حالیہ میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے ترک صدر کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم ان مشکل حالات میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
گفتگو کے دوران افغانستان کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کے فروغ، بالخصوص عید کے ایام میں عارضی جنگ بندی کے حوالے سے ترکیہ کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے فروری 2025 میں صدر اردوان کے تاریخی دورہ پاکستان اور اپنے حالیہ دورہ ترکیہ (اپریل، مئی 2025) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں قائدین نے مستقبل میں بھی قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔