Get Alerts

خطے کی کشیدہ صورتحال: وزیراعظم کا ملک گیر 'ایمرجنسی بچت پلان' کا حکم، صوبوں کو جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت

خطے کی کشیدہ صورتحال: وزیراعظم کا ملک گیر 'ایمرجنسی بچت پلان' کا حکم، صوبوں کو جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال اور ایندھن کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث ایندھن کی عالمی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ ملک میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، تاہم مستقبل کے خطرات کے پیش نظر مزید انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے انٹیلیجنس بیورو (IB) کو ذخیرہ اندوزی اور کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کی سخت نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ کفایت شعاری کی پالیسی اپنا کر ہی عوام کو ریلیف دینا ممکن ہے۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شہری انفرادی گاڑیوں کے بجائے اجتماعی آمد و رفت کا طریقہ اپنائیں۔ تیل بچانے کے لیے نقل و حرکت کو محدود رکھا جائے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کی مثال قائم کرے اور سرکاری سطح پر بچت کو یقینی بنائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاق اور صوبے مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کریں تاکہ ہنگامی صورتحال میں ایندھن کی بچت اور تقسیم کا نظام متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔اس اہم مشاورتی اجلاس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم ملک، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد چیمہ، اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، شزا فاطمہ، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ٹیگز: