سفری پابندیوں کے باوجود پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کو برطانیہ جانے کی خصوصی اجازت مل گئی

سفری پابندیوں کے باوجود پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کو برطانیہ جانے کی خصوصی اجازت مل گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: برطانیہ نے کورونا وائرس کے باعث پاکستان اور بھارت پر عائد سفری پابندیوں کے باوجود دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کو انگلینڈ میں داخلے کیلئے خصوصی اجازت دیدی ہے۔ پاکستان ٹیم جولائی میں انگلینڈ کیخلاف تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کھیلے گی جبکہ بھارتی ٹیم جون میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل اور اگست، ستمبر میں 5ٹیسٹ میچز میں حصہ لے گی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انگلینڈ نے پاکستان اور بھارت کو ریڈ لسٹ میں شامل کرتے ہوئے سفری پابندیاں عائد کررکھی ہیں،البتہ اب برطانوی حکومت نے خصوصی رعایت برتتے ہوئے دونوں ملکوں کی کرکٹ ٹیموں کو برطانیہ آمد کی اجازت دیدی ہے جس کے باعث پاکستان اور بھارت کے سکواڈز اپنے شیڈول کے مطابق انگلینڈ پہنچیں گے، انہیں قرنطینہ کیلئے سرکاری طور پر مختص کسی مرکز میں رکھنے کے بجائے ساؤتھمپٹن کے ایجز باؤل میں واقع ہوٹل میں قیام کی اجازت دی جائے گی،اس دوران کورونا ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق ہوٹل میں قیام سے متعلق پالیسی کا اطلاق صرف کرکٹرز اور معان سٹاف ارکان پر ہو گا البتہ ان کی فیملیز کو یہ سہولت حاصل نہیں ہو گی تاہم اس ضمن میں کوئی حتمی پروٹوکول بنانے کیلئے بات چیت ابھی چل رہی ہے اور حالات بہتر ہونے پر اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کے حوالے سے ہی کوئی رعایت دینا ممکن ہو سکے گا۔ 
دوسری جانب دی ہنڈرڈ لیگ میں شرکت کیلئے آنے والے پاکستانی، بھارتی اور جنوبی افریقی کرکٹرز کے حوالے سے برطانوی حکومت کی کوئی پالیسی واضح نہیں۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کے باوجود انگلش ٹیم کو بھرپور ہوم سیزن میسر آ رہا ہے جو پاکستان اور بھارت سے قبل 2 جون سے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کھیلے گی جبکہ سری لنکا کیخلاف وائٹ بال میچز جون کے آخر اور جولائی کے آغاز میں شیڈول ہیں۔