کمشنر لاہور کی آج عمران خان سے ملاقات،  زمان پارک کی تلاشی کا فیصلہ   

 کمشنر لاہور کی آج عمران خان سے ملاقات،  زمان پارک کی تلاشی کا فیصلہ   

لاہور: پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کے گھر زمان پارک میں موجود دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے آج پنجاب حکومت 400 پولیس اہلکار بھیجے گی۔

 وزیر اطلاعت عامر میر کا نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ آج کمشنر لاہور کی سربراہی میں ایک وفد 40 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے زمان پارک جائے گا۔ اور کم از کم 400 پولیس اہلکار ان کے ہمراہ ہوں گے، عمران خان سے ملاقات کے بعد ٹی وی کیمروں کی مدد سے زمان پارک کی تلاشی لی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں میں سے 30 سے 40 لوگ زمان پارک میں موجود ہیں جنہیں 24 گھنٹے کے اندر پولیس کے حوالے کردیا جائے بصورت دیگر زمان پارک پر آپریشن کرکے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری میرے لیے بھی فائدہ مند بات ہے، اگر آپ نے زمان پارک میں آنا ہے، تو سرچ وارنٹ لیکر آئیں۔

نگراں وزیر اطلاعت عامر میر کا کہنا ہے کہ عمران خان کا جواب آ گیا ہے، سرچ وارنٹ کے ساتھ ہی زمان پارک جائیں گے، ڈیڈ لائین ختم ہونے کے بعد اب گرینڈ اپریشن کا امکان ہے۔ ان کا مزید کہناتھا کی کہ زمان پارک میں 4 نہیں 40 دہشت گرد ہیں، اس لیے کم از کم 400 پولیس اہلکار زمان پارک جائیں گے۔

دوسری طرف پنجاب حکومت کی جانب سے زمان پارک میں موجود افراد کی گرفتاری کے لیے 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، اب زمان پارک جانے والے تمام راستے بند کر کے پولیس کی بھاری نفری پہنچ چکی ہے۔  ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باعث پنجاب حکومت نے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا تاہم حکومتی ڈیڈ لائن کے باوجود پی ٹی آئی قیادت نے شرپسندوں کو پولیس کے حوالے نہیں کیا۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی حسن جاوید نے بتایا کے زمان پارک سےفرار ہونے والے 8 متشبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، زمان پارک میں تاحال شرپسند افراد موجود ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن سمیت دیگر معاملات کے فیصلے اوپر کی سطح پر کیئے گئے ہیں، آپریشن سے متعلق فیصلہ اعلی افسران کے حکم پر ہوگا، راستوں کی بندش سے عوامی تکلیف کا اندازہ ہے، امید کرتا ہوں جلد تمام راستے کھل جائیں گے۔ 


نگراں وزیر اطلاعت عامر میر نے 8 متشبہ افراد کو حراست میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الٹی میٹم دینے کے بعد لوگ زمان پارک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ پنجاب حکومت کا فی الحال عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔