عسکری و سول تنصیبات پر حملے کرنے والو ں کے ٹرائل ملٹری کورٹس کے تحت ہوں گے؛ خواجہ آصف

عسکری و سول تنصیبات پر حملے کرنے والو ں کے ٹرائل ملٹری کورٹس کے تحت ہوں گے؛ خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی بحران ضرور ہے لیکن اس پر جلد قابو پالیا جائے گا۔

 وزیر دفاع خواجہ آصف نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس سے پہلے بھی گرفتاریاں ہوتی رہی ہیں۔ میں بھی گرفتا ہوا ہوں, میرا لیڈر اور میری سیاسی پارٹی کے کئی لوگ گرفتار ہوئے لیکن ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی۔ ہم نے گرفتاریوں پر کبھی عسکری اور سول تنصیبات پر حملے نہیں کئے۔ 

خواجہ آصف نے کہا کہ عسکری اور سول تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں۔ سیاسی اختلافات ہو جاتے ہیں اس کا یہ مطلب نہیں کے املاک پر حملے کئے جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی شرپسندوں نے 9 مئی کو منصوبے کے تحت عسکری تنصیبات پر حملے کیے۔ ایسا عمل پاکستان کے خلاف جنگ کے مترادف ہے۔ 

وزیر دفاع نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نئی عدالتیں اور نئے قوانین نہیں بنارہے یہ سب قوانین پہلے سےہی موجود ہیں۔ جن لوگوں نےعسکری اور سول تنصیبات پر  حملے کیے ان کے ٹرائل ملٹری کورٹس کے تحت ہوں گے۔ ایسے ملزمان کے پاس ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں اپیل کا حق بھی ہوگا۔ ہم صورتحال قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، شہروں میں امن بحال ہو چکا ہے چند دنوں میں حالات معمول پر ہوں گے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا ہے کے عام انتخابات اکتوبر میں وقت پر ہی ہوں گے۔