لاہور :آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر لاہور میں پاک فوج کے جوانوں کا پرجوش اور تاریخی استقبال کیا گیا۔ بارڈر سے واپسی پر فوجی قافلے کو شہر میں داخل ہوتے ہی شہریوں کی جانب سے پھولوں کی بارش، نعرہ بازی اور والہانہ محبت کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں کی بڑی تعداد، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے، ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھائے سڑکوں کے دونوں جانب موجود تھی۔ جیسے ہی پاک فوج کے ٹینک اور گاڑیاں گزریں، فضا "پاک فوج زندہ باد" اور "وطن کے جانثاروں کو سلام" جیسے نعروں سے گونج اٹھی۔
لاہور کے عوام نے اپنے سپاہیوں کو نہ صرف خراجِ تحسین پیش کیا بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ شہریوں نے کہا کہ جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ان پر پوری قوم کو فخر ہے۔
یہ استقبال صرف ایک کامیاب فوجی آپریشن کا جشن نہیں تھا، بلکہ ملک کے دفاع پر مامور سپاہیوں سے لازوال عقیدت کا مظہر بھی تھا۔ فضا میں گونجتے نعرے اور نچھاور ہوتے پھول، قوم اور افواج کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی کرتے رہے۔