کراچی:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ قیامت تک یاد رکھے گا۔
کراچی میں پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بری فوج نے دشمن کے ٹھکانوں پر درست نشانے لگا کر اپنی مہارت کا ثبوت دیا، جب کہ فضائیہ نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ وزیراعظم نے بحریہ کی تیاریوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ہر لمحہ دفاع وطن کے لیے تیار رہی۔وزیراعظم نے اس موقع پر افواجِ پاکستان کے عزم و حوصلے اور قومی سلامتی کے دفاع میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا فخریہ ایئرکرافٹ کیریئر "وِکرانت" 400 ناٹیکل میل کے فاصلے سے آگے بڑھنے کی جرات نہ کر سکا، جو پاکستان کی بے مثال دفاعی حکمت عملی اور بحری جوانوں کے غیرمتزلزل عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔
وزیراعظم نے اس کامیابی کو افواجِ پاکستان کی مربوط حکمت عملی اور سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی قیادت و کوآرڈینیشن کا ثمر قرار دیا، جس نے قوم کے حوصلے کو نئی توانائی بخشی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پورے امتحان کے دوران پاکستان کی بندرگاہیں ، کراچی اور بن قاسم مکمل طور پر فعال رہیں اور تجارتی جہازوں کی آمدورفت بلاتعطل جاری رہی، جبکہ بھارت کے مغربی ساحل پر تجارتی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پانچ گنا بڑی بھارتی بحریہ اس صورتحال میں مفلوج ہوکر رہ گئی، اور رافیل طیاروں کی ناکامی کے بعد بھارت کا ایئرکرافٹ کیریئر "وِکرانت" میدانِ جنگ سے اس طرح پلٹا کہ دوبارہ پلٹ کر دیکھنے کی ہمت بھی نہ کی، یہ ہماری بحریہ کی غیرمعمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ "ہماری شارکس نے ہندوستانی وہیل کو مار بھگایا"۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن خود اعتراف کر رہا ہے کہ پاک بحریہ نے خلیج فارس، بحیرہ عرب اور بحیرہ احمر میں طاقت کا توازن بدل کر رکھ دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آخر میں کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کی ہے اور یہ پاکستان کی بحری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔