سب خبریں غلط، پاکستان نے بین الاقوامی ادائیگیوں میں کوئی ڈیفالٹ نہیں کیا: اسحاق ڈار

سب خبریں غلط، پاکستان نے بین الاقوامی ادائیگیوں میں کوئی ڈیفالٹ نہیں کیا: اسحاق ڈار

اسلام آباد:وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ دسمبر میں سکوک بانڈ کی ادائیگیاں نہ ہونے سے متعلق خبریں غلط ہیں اور پاکستان نے بین الاقوامی ادائیگیوں میں کوئی ڈیفالٹ نہیں کیا، پاکستان کی خاطرمعیشت کی بہتری کیلئے کسی بھی افواہ کوسوشل میڈیا پر نہ پھیلائیں۔ 
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسی جھوٹی خبریں پھلائی جاتی ہیں جس سے ملکی معیشت پر غلط اثر پڑتا ہے، یہ بات پھیلائی جا رہی ہے کہ پاکستان دسمبر کے پہلے ہفتے میں سکوک بانڈ کو ادا نہیں کر سکے گا، یہ بانڈ اپنے وقت پر ادا ہو جائے گا اور اس میں کوئی تاخیر نہیں ہو گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بین الاقوامی ادائیگیوں میں کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا اور دعا ہے پاکستان کبھی ڈیفالٹ کے قریب بھی نہ جائے، افواہ پھیلائی گئی پاکستان کریڈیٹ ڈیفالٹ ہو چکا ہے، واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان سکوک بانڈ کے حوالے سے اپنی ادائیگی کر سکتا ہے۔ 
اسحاق ڈار نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ بیان بازی سے پاکستان کو بیرونی طور پر نقصان ہوتا ہے، پاکستان نے ایک ارب کا سکوک بانڈ جاری کیا تھا اور پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر جتنے ہونے چاہئیں اتنے موجود ہیں اس لئے پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی باتوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے پاکستان کا خسارہ بہت زیادہ ہو چکا ہے اور یہ پورا نہیں ہو سکے گا، پاکستان کے خسارہ پرپوری نظرہے اور وقت گزرنے کےساتھ ساتھ سکیم کیا جا رہا ہے، ہم سب پاکستانی ہیں، ہمارا پہلا فرض اس ملک کی ترقی و خوشحالی سے جڑا ہے، پاکستان کی خاطر معیشت کی بہتری کیلئے کسی بھی افواہ کو سوشل میڈیا پر نہ پھیلائیں۔ 

مصنف کے بارے میں