Get Alerts

کامیڈین طارق ٹیڈی کو مداحوں سے بچھڑے تین برس بیت گئے

کامیڈین طارق ٹیڈی کو مداحوں سے بچھڑے تین برس بیت گئے

لاہور : معروف کامیڈین طارق ٹیڈی کو مداحوں سے بچھڑے تین برس گزر چکے ہیں۔ طارق ٹیڈی 12 اگست 1976ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے اور کم عمری میں ہی سٹیج اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا تھا۔ اپنے آبائی شہر فیصل آباد سے اداکاری کا آغاز کرنے کے بعد، طارق ٹیڈی نے لاہور کا رخ کیا جہاں ان کے کیریئر کو ایک نئی سمت اور شہرت ملی۔

انہوں نے کئی کامیاب سٹیج ڈراموں میں شاندار پرفارمنس دی اور لوگوں کے دلوں میں اپنا خاص مقام بنایا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں چالاک طوطے، ماما پاکستانی، سب کہو بارہ روپیہ، ربا عشق نہ ہووے، حسن میری مجبوری، جی کردا، کریزی، مٹھیاں شرارتاں، خوش آمدید اور دوستی شامل ہیں۔

طارق ٹیڈی نے سٹیج ڈراموں میں تو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہی، مگر بڑی اسکرین پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 2004ء میں فلم سلاخیں میں انہوں نے اپنی غیر معمولی اداکاری سے ایک الگ پہچان بنائی۔

لیکن، بدقسمتی سے طارق ٹیڈی جگر کے عارضے میں مبتلا ہو گئے اور 19 نومبر 2022ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کے بعد، ان کے مداح آج بھی ان کی مزاحیہ اداکاری اور منفرد انداز کو یاد کرتے ہیں۔ ان کا کام اور فن آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

ٹیگز: