غزہ : فلسطینی وزیر خارجہ ورسن آغابیکیان شاہین نے کہا ہے کہ غزہ کی طویل جنگ کے خاتمے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قرارداد کے طور پر امن کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق، شاہین نے کہا کہ "یہ منصوبہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے، بشرطیکہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے ضروری اصلاحات کی جائیں۔" انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عرب ممالک نے اس منصوبے کو ہچکچاہٹ کے ساتھ قبول کیا ہے، مگر یہ ایک مثبت پیشرفت ہے۔
شاہین کے مطابق، منصوبے کے تحت غزہ میں ایک ٹیکنوکریٹک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو بعد ازاں عالمی استحکام فورس کی قیادت کرے گی اور سکیورٹی کی نگرانی کرے گی۔ "یہ فورس غزہ میں امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔"
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر فلسطینی مسئلے کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر بات چیت جاری ہے، اور غزہ کے علاقے میں کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
فلسطینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ "اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات روشن ہوں گے، جو کہ علاقے میں دیرپا امن کی طرف ایک بڑا قدم ہوگا۔"