اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے دوران پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں سردی کا دباؤ زیادہ ہوگا۔ صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ کا سامنا رہے گا، اور صبح اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی دھند بھی پڑنے کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں سرد رہا، جبکہ پنجاب کے چند میدانی اضلاع میں ہلکی دھند چھائی رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج پشاور میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ صوبے کے بالائی اضلاع میں شدید سرد موسم رہے گا۔
لاہور، جو دنیا کے فضائی آلودگی کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آچکا ہے، میں ایئر کوالٹی انڈیکس 233 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔