Get Alerts

کام محنت اور لگن سے ہوتا ہے،  اب پنجاب میں یکساں ترقی اور سہولیات کا دور شروع ہو گیا :مریم نواز

کام محنت اور لگن سے ہوتا ہے،  اب پنجاب میں یکساں ترقی اور سہولیات کا دور شروع ہو گیا :مریم نواز

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہر شہر میں یکساں ترقی اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کسی بھی شہر یا علاقے کے ساتھ تفریق نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں بسیں سب سے آخر میں پہنچیں، تاہم ہر شہر میں بس سروس برابر فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 10 ماہ میں ایک لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر جاری ہے، جبکہ گزشتہ 20 سال کی حکومتیں ہزار گھروں تک بھی نہیں پہنچ سکیں۔ صحت کے شعبے میں بھی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر اسپتال آخری مراحل میں ہے اور چین سے لائی گئی جدید مشین کے ذریعے فرسٹ اسٹیج کینسر کا علاج ممکن ہے۔ علاوہ ازیں، سرگودھا اور ساہیوال میں کارڈیالوجی ہسپتال مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی تکمیل کے مراحل میں ہے۔ رنگ روڈ کے اطراف 12 ہسپتال بن رہے ہیں اور ہسپتالوں میں سالانہ 100 ارب روپے کی دوائیاں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

سماجی فلاح کے اقدامات میں 15 لاکھ لوگوں کو راشن کارڈ فراہم کیے گئے اور غریب شہریوں کو ماہانہ 3 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ طلبہ کے لیے گرین بس سروس 100 فیصد مفت فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں صفائی کے لیے 50 ارب روپے کی جدید مشینری خریدی گئی ہے، ہر جگہ درخت لگائے جا رہے ہیں، اور سی سی ڈی کی وجہ سے جرائم میں 70 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورافتادہ علاقوں کو بھی شہروں کے برابر ترقی دی جائے گی اور ہر کیس کا فیصلہ 30 دن میں ہوگا۔

مریم نواز نے واضح کیا کہ کام محنت اور لگن سے ہوتا ہے، اور اب پنجاب میں یکساں ترقی اور سہولیات کا دور شروع ہو گیا ہے۔

ٹیگز: