ہری پور:وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں بہت جلد اہم تبدیلیاں ہونے والی ہیں۔ ہری پور میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عمر ایوب کی اہلیہ کی حمایت کا اعلان کیا اور دعویٰ کیا کہ 23 نومبر کے ضمنی انتخاب میں عوام انہیں بھاری اکثریت سے ووٹ دیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ یا پولیس نے دھاندلی کی کوشش کی تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج میں ردوبدل یا دباؤ کا کوئی بھی عمل حالات کو سنگین بنا سکتا ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا "مقبول لیڈر" اور ان کی اہلیہ جیل میں ہیں جبکہ اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی قائد کی بہنوں پر مبینہ تشدد کیا گیا۔ ان کے مطابق قائد تحریک انصاف اور ان کا خاندان ملک کے لیے قربانیاں دے رہا ہے، اس لیے عوام 23 نومبر کو پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کریں۔
سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں یہ مؤقف بھی دہرایا کہ ملک میں جلد بڑی سیاسی پیش رفت متوقع ہے۔