Get Alerts

پکتیکا میں گل بہادر گروپ کے خلاف کارروائی: اہم خوارج کمانڈر سمیت 70 سے زائد دہشت گرد ہلاک،سکیورٹی ذرائع

پکتیکا میں گل بہادر گروپ کے خلاف کارروائی: اہم خوارج کمانڈر سمیت 70 سے زائد دہشت گرد ہلاک،سکیورٹی ذرائع

اسلام  آباد: 17 اکتوبر کی رات پاکستان کی جانب سے افغانستان کے صوبے پکتیکا میں کی گئی ایک اہم کارروائی میں گل بہادر گروپ کے 70 سے زائد غیر ملکی دہشت گرد مارے گئے ہیں، جن میں گروپ کا ایک اہم سرغنہ بھی شامل ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستانی فورسز نے پکتیکا میں گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نشانہ بنانے کی کارروائی کے دوران 70 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں گروپ کا ایک اہم رہنما بھی شامل تھا۔

سکیورٹی حکام نے بتایا کہ گل بہادر گروپ پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے اور یہ گروپ افغان سرزمین سے پاکستان میں داخل ہو کر حملے کرتا ہے۔ اسی گروہ نے 17 اکتوبر کو شمالی وزیرستان کے خادی علاقے میں ایک بم دھماکے کے ذریعے حملہ کیا تھا، جس میں تین خواتین، دو بچے اور ایک جوان شہید ہو گئے تھے۔

مارے گئے دہشت گردوں میں فرمان، صدیق اللہ داوڑ، غازی مداخیل، مقرب، قسمت اللہ، عاشق اللہ عرف کوثر، یونس، گلاب عرف دیوانہ، عادل اور فضل الرحمان شامل ہیں۔ فضل الرحمان گل بہادر کا قریبی رشتہ دار تھا۔

سکیورٹی حکام نے اس کارروائی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے، کیونکہ اس سے ایک خطرناک دہشت گرد نیٹ ورک کا خاتمہ کیا گیا ہے، جو پاکستان کے لیے ایک سنگین خطرہ تھا۔

ٹیگز: