احتساب عدالت نے شریف خاندان کو دوبارہ پیشی کے سمن جاری کر دیئے

احتساب عدالت نے شریف خاندان کو دوبارہ پیشی کے سمن جاری کر دیئے

اسلام آباد: احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز، حسن نواز اور حسین نواز کے دوبارہ طلبی کے سمن جاری کر دیے۔ ریفرنسز کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر نے شریف خاندان کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ہوئی۔ شریف خاندان کا کوئی فرد پیش نہ ہوا۔ سماعت میں نیب نے ملزمان کے جاری کیے گئے سمن کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ سیکورٹی افسر نے ملزمان کے سمن وصول کیے اور نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی افسر نے بتایا کہ حسن اور حسین نواز نے سمن وصول نہ کرنے کی ہدایات دی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کے سمن جاری کیے تھے سیکورٹی افسر کے نہیں۔ آئندہ سیکورٹی انچارج کو سمن دے کر جان نہیں چھڑانی یہ کریمنل کورٹ ہے سول کورٹ نہیں۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ اگر سمن سیکورٹی انچارج کو دیے گئے تو اس کا بیان بھی ساتھ ہونا چاہیے کیونکہ ہم نے لیگل پراسیس چلانا ہے ورنہ عدالتی کارروائی میڈیا والے بھی بتا دیتے ہیں۔ نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ سمن درست پتے پر بھیجے گئے کسی نے یہ نہیں کہا کہ ایڈریس غلط ہے۔ نیب حکام کی عدالت سے استدعاکی کہ سمن کو وہ شایدآسان لے رہے ہیں وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کے پولیٹیکل ایڈوائزر آصف کرمانی کو ہدایت کی کہ تمام ملزمان کو آپ عدالتی سمن سے آگاہ کریں۔ عدالت نے نواز شریف، مریم نواز، حسن نواز اور حسین نواز کے دوبارہ طلبی کے سمن جاری کرتے ہوئے نواز شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں