لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جلال پور پیر والا شہر کی سیلاب سے حفاظت کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی نے دوسرے روز بھی اجلاس جاری رکھا، جس میں موٹروے میں شگاف نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمیٹی کی سربراہی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کر رہی ہیں، جبکہ اجلاس میں وفاقی و صوبائی وزراء اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلابی پانی کے بہاؤ اور شدت میں کمی آ رہی ہے اور جلال پور پیر والا شہر ابھی محفوظ ہے۔
ٹیکنیکل کمیٹی نے جلال پور پیر والا شہر، موٹروے سائیٹ کے علاوہ دمر والا، کھروڑہ فاضل اور مڈوالہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں چئیرمین این ایچ اے، پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، زراعت کے حکام، کمشنر اور ڈی سی ملتان بھی شریک تھے۔
کمیٹی نے سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات جیسے ٹینٹ، صاف پانی، خوراک اور مویشیوں کے لیے ونڈہ کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا، اور ریسکیو و ریلیف آپریشن کی موجودہ پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود تمام صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہی ہیں، شہر اور شہریوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ حالات اب تک بہتر ہیں۔