Get Alerts

9 مئی کیسز: شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں 31 اکتوبر تک توسیع

9 مئی کیسز: شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں 31 اکتوبر تک توسیع

لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کی 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں آج مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو نذر آتش کرنے، کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے اور دیگر پرتشدد واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی پانچ مختلف عبوری ضمانتوں پر کارروائی کی، جن پر جج ارشد جاوید نے سماعت کی، جبکہ دو مقدمات کی سماعت ایڈمن جج منظر علی گل کی عدالت میں ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت میں شاہ محمود قریشی کے جیل وارنٹ پیپرز بھی پیش کیے گئے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 31 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وکلاء سے مکمل دلائل طلب کر لیے۔

علاوہ ازیں، جناح ہاؤس حملہ اور عسکری ٹاور حملہ کے مقدمات میں بھی شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتوں میں 6 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتیں بحال کی گئی تھیں، جنہیں بعد ازاں توسیع دی گئی ہے۔

ٹیگز: