Get Alerts

ایشین گیمز 2026، بھارتی گھڑ سوار مالی مشکلات کا شکار

ایشین گیمز 2026، بھارتی گھڑ سوار مالی مشکلات کا شکار

نئی دہلی: ایشین گیمز 2026 کی تیاریوں کے دوران بھارتی گھڑ سواری کے کھلاڑیوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، جہاں انہیں گھوڑوں کے چارے اور دیگر ضروری سامان کے اخراجات فی الحال اپنی جیب سے ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا  رپورٹ کے مطابق انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کی قائم کردہ ایڈہاک کمیٹی نے فنڈز کی کمی کو اس فیصلے کی وجہ قرار دیا ہے۔

بھارتی گھڑ سواری دستے کے ٹیم لیڈر لیفٹیننٹ کرنل سندیپ دیوان نے ایک ای میل میں بتایا کہ قومی فیڈریشن کو دستیاب فنڈز گھوڑوں کی منتقلی کے اخراجات کے لیے بھی کافی نہیں ہیں۔

کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ جاپان میں گھوڑوں کے چارے اور اصطبل سے متعلق ضروری سامان خود خریدیں اور بعد میں رقم کی واپسی کے لیے کلیم جمع کرائیں۔

رپورٹ کے مطابق جرمنی میں لازمی قرنطینہ کے دوران بعض سواروں نے خوراک، سفر اور رہائش سمیت دیگر اخراجات بھی ذاتی طور پر ادا کیے، جبکہ ٹیسٹس، گھوڑوں کی منتقلی اور کھلاڑیوں و گرومز کی رہائش سے متعلق کچھ ادائیگیاں ابھی زیر التوا ہیں۔

ایشین گیمز 2026 جاپان کے شہر ایچی-ناگویا میں منعقد ہوں گے، جن کی افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو شیڈول ہے۔

ٹیگز: