کالعدم تحریک لبیک نے شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ کر دیا، ذرائع

کالعدم تحریک لبیک نے شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ کر دیا، ذرائع
کیپشن: کالعدم تحریک لبیک نے شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ کر دیا، ذرائع
سورس: فائل فوٹو

لاہور: کالعدم تحریک لبیک (ٹی ایل پی) نے حکومت کے سامنے اپنے مطالبات رکھتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے اور اپنے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ حکومتی وفد میں شیخ رشید، نور الحق قادری، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک کے قائدین فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے مطالبے پر قائم ہیں جبکہ کارکنوں کی فی الفور رہائی کی بھی حکومتی وفد سے ڈیمانڈ کی جا رہی ہے۔ تاہم حکومتی وفد نے کالعدم تحریک لبیک کے قائدین پر واضح کر دیا ہے کہ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری اور شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

اس سے قبل کوٹ لکھپت جیل میں سعد رضوی سے ملاقات کے بعد صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ سعد رضوی نے کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیش رفت ہوئی ہے اور مذاکرات کا اگلا دور بھی جلد شروع ہو گا۔ امید ہے مذاکرات میں جو طے ہوگا حکومت اس پرعمل کرے گی۔

خیال رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں علماء کے وفد نے سعد رضوی سے جیل میں ملاقات کی۔  علماء کے وفد نے سعد رضوی سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جبکہ علمائے کرام کا کہنا تھاکہ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ سے اپنے ہی ملک کا نقصان ہوا لہٰذا ملک میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جائے۔

‎علماء نے سعد رضوی کو ویڈیو پیغام جاری کرنے کا کہا جس میں مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جائے۔ علمائے کرام نے سعد رضوی سے یہ بھی اپیل کی کہ ‎لاہور کا دھرنا ختم کیا جائے۔ سعدرضوی اور علماء کے وفد کے درمیان 5 گھنٹے مذاکرات ہوئے جبکہ مذاکراتی ٹیم نے افطاری بھی سعد رضوی کے ساتھ جیل میں کی۔ علماء نے سعد رضوی کو معاملات افہام تفہیم سے حل کرنے پر قائل کرنے کی کوشش۔

وفد میں صاحبزادہ حامد رضا، ثروت اعجازقادری، میاں جلیل شرقپوری، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر اور دیگر شامل تھے۔