واشنگٹن / بحیرہ عرب: مشرقِ وسطیٰ میں سمندری حدود کی نگرانی پر مامور امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے ایک بڑی کارروائی کا دعویٰ کرتے ہوئے ایرانی بحری جہاز پر حملے اور اسے تحویل میں لینے کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایرانی جہاز کو ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے پر نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد اسے اب امریکی فورسز کی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ سینٹکام نے اس آپریشن کی باقاعدہ ویڈیو بھی میڈیا کے لیے جاری کر دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ "امریکہ نے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایک ایرانی بحری جہاز کو کامیابی سے نشانہ بنا کر اس پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس واقعے کے بعد خطے میں پہلے سے موجود تناؤ میں شدید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ دفاعی ماہرین اسے حالیہ برسوں میں ایران اور امریکہ کے درمیان سمندری حدود میں ہونے والی سب سے بڑی براہِ راست کارروائی قرار دے رہے ہیں۔
اس کارروائی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور بحری تجارتی راستوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تہران کی جانب سے ابھی تک اس واقعے پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی کے تناظر میں دیکھا جائے تو ایران کی جانب سے سخت جوابی کارروائی کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔