Get Alerts

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ، لاہور میں رات گئے بادل برس پڑے ،موسم خوشگوار

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ، لاہور میں رات گئے بادل برس پڑے ،موسم خوشگوار

اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جبکہ مختلف حادثات میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

لاہور میں رات گئے موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے لکشمی چوک، گڑھی شاہو، شملہ پہاڑی، باغبانپورہ، مغلپورہ، مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ سمیت متعدد علاقے متاثر ہوئے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

پنجاب کے دیگر شہروں جھنگ، خوشاب اور چکوال میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

جنوبی وزیرستان میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی ریلے ٹانک میں داخل ہو گئے۔ وانا، جنڈولہ، عمر اڈا اور بنوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بلوچستان کے کئی اضلاع میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی۔ ہرنائی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور بچہ جاں بحق ہو گئے، جب کہ گوچینہ میں 3 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، جن میں سے 2 کو ریسکیو کر لیا گیا۔ سوراب کے علاقوں میں 115 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا۔ کچھی میں موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ-سبی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔

حب میں برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا، جب کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کے پہاڑی علاقے بودلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ٹیگز: