لیڈز : انگلینڈ کے فاسٹ بولرز اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی روز شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ دونوں نے اس کارکردگی کی یادگار کے طور پر میچ کی گیند کو بھی منفرد انداز میں آپس میں تقسیم کرلیا۔
عام طور پر ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والا بولر میچ کی گیند بطور یادگار اپنے پاس رکھتا ہے، تاہم اس مرتبہ ایک ہی اننگز میں دونوں بولرز کے پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے باعث گیند کی تقسیم کا مسئلہ پیدا ہوگیا۔
جوش ٹنگ کے مطابق اولی رابنسن نے تجویز پیش کی کہ گیند کو دو حصوں میں کاٹ کر دونوں آپس میں بانٹ لیں۔ ٹیم مینیجر وین بینٹلی نے گیند گراؤنڈ سٹاف کے حوالے کی، جس نے چند ہی منٹوں میں اسے دو حصوں میں تقسیم کردیا۔
رابنسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میدان سے واپسی کے دوران دونوں نے اس خیال پر بات کی تھی، جس کے بعد گیند کو گراؤنڈ سٹاف کے سپرد کردیا گیا۔ یوں دونوں بولرز کو اپنی شاندار کارکردگی کی یادگار کے طور پر گیند کا ایک، ایک حصہ مل گیا۔
پاکستان کی پہلی اننگز کو 171 رنز تک محدود کرنے میں دونوں بولرز کا اہم کردار رہا۔ جوش ٹنگ نے 46 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اولی رابنسن نے 51 رنز کے عوض پانچ پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔