سعودی عرب نے تاریخی بجٹ کا اعلان کر دیا

سعودی عرب نے تاریخی بجٹ کا اعلان کر دیا

ریاض: سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت کا مالی سال 2018 کے لیے تقریباً ایک ٹریلین مالیت کے بجٹ کا اعلان کر دیا ہے جو سعودی عرب کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ ہے۔

دار الحکومت ریاض کے الیمامہ شاہی محل میں منعقد کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ نیا مالی بجٹ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ ہے جس میں تیل پر انحصار 50 فیصد کم کر دیا گیا ہے جبکہ ویژن 2030 کے تحت 12 بڑے پروگراموں کا اطلاق کیا جائے گا۔

کابینہ کے سکریٹری عبدالرحمن بن محمد بن عياف نے بجٹ کا شاہی فرمان پڑھ کر سنایا جس میں بتایا گیا ہے کہ سال 2018 کے لیے منظور کردہ بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ 978 ارب سعودی ریال اور آمدن کا تخمینہ 783 ارب ریال لگایا گیا ہے۔ اس طرح آئندہ سال بجٹ خسارہ 195 ارب ریال ہو گا جبکہ مالی سال 2019 کے متوقع بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ 1006 ارب سعودی ریال اور آمدن کا تخمینہ 843 ارب ریال لگایا گیا ہے۔

یوں بجٹ خسارہ 163 ارب ریال ہوگا۔ اخراجات کے لیے رقوم تیل کی آمدن سے 50 فیصد، غیر تیل ذرائع سے 30 فیصد، قرضوں سے 12 فیصد اور سرکاری اداروں سے حاصل ہونے والی رقوم کا میزانیے میں حصہ 8 فیصد ہو گا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں