سعودی عرب میں حملوں میں مطلوب دہشت گرد ہلاک

سعودی عرب میں حملوں میں مطلوب دہشت گرد ہلاک

ریاض : سعودی عرب کے مشرقی صوبے القطیف میں پولیس نے دہشت گردی کی وارداتوں میں مطلوب ایک دہشت گرد سلمان علی سلمان الفرج کو ایک چھاپا مار کارروائی میں ہلاک کردیا ہے۔سلمان علی الفرج کا نام سعودی حکومت کو مطلوب 23 دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔یہ فہرست 2012ء میں جاری کی گئی تھی۔

 ذرائع کے مطابق اس دہشت گرد نے قطیف میں سکیورٹی اہلکاروں ، سکیورٹی فورسز کی گشتی ٹیموں اور پولیس تھانوں پر حملوں سمیت بہت سے جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔

الفرج سات سال تک روپوش رہا تھا اور سکیورٹی فورسز نے العوامیہ شہر میں اس کی جائے قیام پر چھاپا مار کارروائی کی ہے۔اس نے سکیورٹی اہلکاروں کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی تھی جس کے بعد وہ جوابی فائرنگ سے مارا گیا ہے۔

اس کی ہلاکت کے بعد قطیف میں تشدد کے مختلف واقعات میں مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں صرف دو افراد کے نام باقی رہ گئے ہیں۔ یہ دو افراد فضیل صفوانی اور محمد الزاید ہیں۔