آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے: ویرات کوہلی

It is difficult to put into words the defeat at the hands of Australia: Virat Kohli
کیپشن: فائل فوٹو

ایڈیلیڈ : آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں انتہائی شرمناک شکست کے بعد انڈین ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ ان کے پاس ایسے الفاظ نہیں ہیں جس سے وہ اسے بیان کر سکیں۔

ایڈیلیڈ میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں شکست کے بعد ویرات کوہلی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آسٹریلوی باؤلرز نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کیا جس سے ہمارے بلے بازوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ اس وکٹ پر سکور کرنا انڈین کھلاڑیوں کیلئے مشکل بنا دیا گیا تھا۔

ویرات کوہلی نے کہا کہ انڈین ٹیم کی حالیہ کارکردگی میری ذمہ داری بنتی ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف اگلے ٹیسٹ میچ میں بھرپور تیاری کیساتھ سامنے آئیں گے۔ مجھے پوری امید ہے کہ انڈین بلے باز آئندہ دورہ آسٹریلیا کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔

انڈین کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ہم نے سبقت حاصل کر لی تھی۔ ہماری اس میچ پر گرفت مضبوط تھی لیکن اچانک سب کچھ صرف ایک گھنٹے میں ایسا کچھ ہوا کہ ہمارے بلے باز سنبھل نہ سکے اور یہ میچ ہار گئے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں انڈین ٹیم کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آسٹریلیا کے گیند بازوں نے بھارتی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑاتے ہوئے انھیں صرف 36 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔

حالیہ کامیابی کے بعد آسٹریلیا نے انڈیا کے خلاف ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ خبریں ہیں کہ انڈین کپتان ویرات کوہلی نے واپسی کا رخت سفر باندھنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

خبریں ہیں کہ ویرات کوہلی کی اہلیہ کے ہاں بچے کی پیدائش ہونے والی ہے، اس لئے انڈین کپتان اپنا دورہ آسٹریلیا چھوڑ کر واپس جانا چاہتے ہیں۔ ویرات کوہلی کی جگہ اجنکیا رہانے بقایا ٹیسٹ میچوں میں اپنی ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے۔