دوسرا ٹی ٹونٹی: محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی، نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 164 رنز کا ہدف

Second T20: Muhammad Hafeez\'s excellent batting, 164 runs target for New Zealand
کیپشن: فائل فوٹو

ہیملٹن: نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جا رہے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کے ٹوٹل کو 163 رنز تک پہنچایا۔

قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا جو زیادہ سودمند ثابت نہ ہوا۔ پاکستان کی جانب سے میدان میں اترنے والے اوپنر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

تاہم سینئر کھلاڑی محمد حفیظ قومی ٹیم کی امید بن کر سامنے آئے اور ایسی شاندار بلے بازی کے جوہر دکھائے کہ ان کے ناقدین بھی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے۔ محمد حفیظ نے 72 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 99 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

محمد حفیظ نے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنا ریکارڈ بہتر کیا۔ اس سے قبل وہ 86 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 22، حیدر علی 8، کپتان شاداب خان 4، خوشدل خان 14 اور عماد وسیم نے 10 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے شاندار گیند بازی کی۔ انہوں نے صرف 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمز نیشام اور ایش سودی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی تھی۔