اسلام آباد: وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے توشہ خانہ ٹو کے فیصلے کو پی ٹی آئی کے دورِ حکومت کی کرپشن کا "منہ بولتا ثبوت" قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں عمران خان اور ان کی ٹیم نے ملک کو "دونوں ہاتھوں سے لوٹا" اور عوامی خزانے کا غلط استعمال کیا۔
اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا آئین اور قانون کے مطابق دی گئی ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سابق حکومت نے کس طرح قانون کو نظر انداز کیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ان پر اور ان کی جماعت پر سیاسی انتقام کے طور پر جھوٹے الزامات لگائے گئے اور مقدمات قائم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ کرپشن کے خلاف حکومت کا عزم اور کارروائیاں ٹھوس ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد میں ہے اور حکومت شفافیت اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔