‘این اے 75 میں بدترین طریقے سے الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی گئی’

NA 75, by-poll, government, worst attempt, elections, Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ این اے 75 میں بدترین طریقے سے الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی گئی ، قانون سے بالا ہونا اتنا بڑھ گیا کہ نتیجہ 13 گھنٹے بعد بھی نہیں آیا ، حکومت اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزرا اور مشیر وہاں دندناتے پھرتے رہے ، انہیں پولیس سمیت کوئی بھی ادارہ روکنے کیلئے تیار نہ تھا۔ آر او شدید دباؤ کا شکار تھے ، کوئی بات سننے کو تیار نہیں تھے۔ مسلم لیگ (ن) نے پولنگ کا وقت بڑھانے کی اجازت مانگی جو نہ ملی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 341 پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ آگیا جس میں مسلم لیگ (ن) کی واضح اکثریت تھی ، 20 پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ نہیں آیا ، یہ 20 پولنگ اسٹیشنز اوسطاً 15 سے 20 کلومیٹر دور تھے ۔ ان پولنگ اسٹیشنز کے پریزائیڈنگ افسر بھی گمشدہ ہوگئے ، کچھ فارم 45 ہمارے پولنگ ایجنٹس کو دے سکے کچھ نے نہیں دیا۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ 20 پولنگ افسر اپنے ریکارڈ سمیت موقع سے غائب ہوگئے ، موقع پر موجود لوگ بتاتے ہیں انہیں سویلین گاڑیوں میں افراد لے کرگئے ، معلوم ہوا انہیں لے جانے والے زمینی مخلوق کے لوگ نہیں تھے ، صبح یہ پولنگ افسران آنا شروع ہوگئے ، ان پولنگ افسران نے مختلف حیلے بہانے کئے ، جن پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ آیا ان میں 30 فیصد تک پولنگ ہوئی ، 20 پولنگ اسٹیشنز جن کا رزلٹ آنا باقی ہے وہاں 88 فیصد پولنگ ہوئی ، 341 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں مسلم لیگ (ن) کی واضح اکثریت تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب یقین ہو کوئی پوچھنے والا نہیں تو ایسے واقعات ہوتے ہیں ، 21 ویں صدی میں 88 فیصد والے کام کرکے الیکشن چوری کرنا چاہتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کو قومی اسمبلی میں ووٹوں کی ضروت ہے جو ہر طریقے سے حاصل کرنے کی کوشش ہے۔ آئی جی پنجاب اور دیگر پہلے سے غائب تھے بعد میں چیف سیکرٹری بھی غائب ہوگئے ۔ چیف سیکرٹری ، آئی جی ، کمشنر ، ڈپٹی کشمنر اور پولیس بے بس نظر آئے۔

شاید خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حلقے کے نتائج کے اعلان سے روک دیا ہے ، کیا یہ خود کو قانون سے اتنا بالا سمجھتے ہیں کہ اس طرح سے بھی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے 13 گھنٹے بعد پریزائیڈنگ افسران آر او کے پاس پہنچے ، کب یہ امانت میں خیانت کرنا چھوڑیں گے ، کب ووٹ کو عزت دیں گے۔

 (بشکریہ نئی بات)