لاہور : محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کے لیے سٹینڈرڈ ڈریس کوڈ نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو 23 فروری 2026 سے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں لاگو ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، تدریسی اوقات کے دوران اساتذہ کے لیے بلیک گاؤن پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مرد اساتذہ کے لیے سادہ شلوار قمیض یا پینٹ شرٹ تجویز کی گئی ہے، جبکہ خواتین اساتذہ کو مناسب اور باوقار لباس پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، اساتذہ کو بند جوتے یا مناسب سینڈل پہننے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ تعلیمی اداروں میں پیشہ ورانہ اور باوقار ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
حکام نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کے سربراہان روزانہ کی بنیاد پر ڈریس کوڈ پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہوں گے، اور سی ای اوز کو سخت مانیٹرنگ اور ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔