Get Alerts

دہشت گردی کے خاتمے تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی؛وزیر اعظم شہبازشریف

 دہشت گردی کے خاتمے تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی؛وزیر اعظم شہبازشریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے قومی ورکشاپ میں خیبرپختونخوا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان کوئی سرد جنگ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں قیام امن ناگزیر ہوچکا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

شہبازشریف نے واضح کیا کہ افغانستان سے واپس آنے والے افراد کی آباد کاری میں غلطیاں ہوئیں اور اس سے دہشت گردی کے بڑھنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ سب طالبان برابر ہیں اور اچھے یا برے طالبان میں کوئی فرق نہیں ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان میں موجود غیر ملکی عناصر کے خاتمے تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان سے دوبارہ کوئی خطرہ آیا تو سرحد پر پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔

ان کے خطاب کے دوران وزیراعظم نے این ایف سی ایوارڈ کی اہمیت بھی اجاگر کی اور بتایا کہ دیگر صوبوں نے خیبرپختونخوا کو 800 ارب روپے دیے، جس سے صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ دشمنوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ہر حال میں ناکام بنایا جائے گا۔

ٹیگز: