Get Alerts

کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت، توانائی کی پیداوار میں اضافہ متوقع

کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت، توانائی کی پیداوار میں اضافہ متوقع

پشاور :خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بارگزئی ایکس 01 کنویں میں یہ ذخائر دریافت کیے ہیں اور اس بارے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نشپا ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت او جی ڈی سی ایل کے شیئرز 65 فیصد، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے 30 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 5 فیصد ہیں۔ مشترکہ منصوبے میں سمنا سوک اور شنواری فارمیشنز میں تیل اور گیس دریافت ہوئی۔

کمپنی کے مطابق کیسڈ ہول ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کے دوران کنویں سے روزانہ تقریباً 3 ہزار100 بیرل تیل اور 8.15 ملین مکعب فٹ گیس حاصل کی جا سکتی ہے۔ کنویں کو کنگریالی فارمیشن تک 5 ہزار170 میٹر کی گہرائی تک کھودا گیا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ یہ نئی دریافت نہ صرف کمپنی کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافہ کرے گی بلکہ ملک کی مجموعی توانائی کی پیداوار میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

ٹیگز: