Get Alerts

خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کی حلف برداری

خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کی حلف برداری

پشاور : پشاور میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین نے باقاعدہ حلف اٹھا لیا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے ان اراکین سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے والوں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9، مسلم لیگ (ن) کے 8، پیپلز پارٹی کے 5، عوامی نیشنل پارٹی کے 2 اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے 1 رکن شامل ہیں۔

یہ عمل پشاور ہائیکورٹ کی ہدایت پر مکمل کیا گیا۔ عدالت نے گورنر کو ہدایت دی تھی کہ وہ مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے ارکان سے حلف لیں، تاکہ اسمبلی کی کارروائی مکمل شکل اختیار کر سکے۔

اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان سے حلف نہیں لیا گیا، جس کی وجہ سے قانون سازی کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ چیف جسٹس کسی موزوں شخصیت کو حلف برداری کے لیے نامزد کریں۔

عدالت کی ہدایت پر گورنر کی جانب سے حلف برداری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر نمائندگی کا عمل بھی باضابطہ طور پر مکمل ہو گیا۔

ٹیگز: