Get Alerts

 وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان ریلویز کی جدید کاری پر زور، منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

 وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان ریلویز کی جدید کاری پر زور، منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز ٹرانسفارمیشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ریلوے کے جاری منصوبوں، اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلویز سفر اور مال برداری کے لیے کم لاگت اور مؤثر ذریعہ ہے۔ جدید، محفوظ اور مؤثر ریلوے نظام معیشت، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

شہباز شریف نے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ایم ایل ون کے روہڑی تا ملتان سیکشن کی اپ گریڈیشن کے لیے تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایم ایل ون، ایم ایل تھری اپ گریڈیشن، تھر کول ریل کنیکٹویٹی اور دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ایم ایل ون منصوبے کا انجینئرنگ ڈیزائن مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ ایم ایل تھری کی اپ گریڈیشن پی ایس ڈی پی اور برج فنانسنگ کے تحت مکمل کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر کول ریل کنیکٹویٹی منصوبے پر 60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، جسے دسمبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس کو ریلوے میں جاری اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں عالمی کنسلٹنٹس کی خدمات کا حصول، ریلوے کے ماتحت اسکولوں اور اسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ اور 6 بڑے ریلوے اسٹیشنز کی کمرشلائزیشن شامل ہے۔

وزیراعظم نے ریلوے کے شعبے میں بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی اور ادارے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ٹیگز: