حکومتی وفد سردار اختر مینگل کو منانے میں ناکام، ملاقات بے نتیجہ ختم

حکومتی وفد سردار اختر مینگل کو منانے میں ناکام، ملاقات بے نتیجہ ختم
کیپشن: ہم نے اپنے تحفظات حکومتی وفد کے سامنے رکھ دیے ہیں، اختر مینگل۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی-مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل سے وفاقی وزراء کی ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی۔ حکومتی وزراء وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اختر مینگل کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پرویز خٹک اور اسد عمر  نے سردار اختر مینگل سے فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی تاہم انہوں نے فیصلہ واپس لینے سے انکار کر دیا اور یوں ملاقات بے نتیجہ رہی۔

ملاقات کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ بی این پی کے تحفظات کو جلد دور کیا جائے گا اور آئندہ بھی سردار اختر مینگل کے ساتھ نشستیں ہوں گی۔

اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی یقین رکھتی ہے ہر حصے کو ترقی اور حقوق نہ ملے تو ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔

بی این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اب تک کوئی براہ راست رابطہ نہیں کیا، پارٹی کے فیصلے کی خلاف ورزی نہیں کر سکتا اور ہم نے اپنے تحفظات حکومتی وفد کے سامنے رکھ دیے ہیں۔

قبل ازیں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں سردار اختر مینگل نے کہا تھا کہ حکومت میں جانا اب میرے بس میں نہیں، حکومت سے علیحدگی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے جو فرد واحد کا نہیں۔

خیال رہے کہ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور جمہوری وطن پارٹی نے بھی اتحاد سے علیحدگی پر غور شروع کر دیا ہے۔