Get Alerts

سکردو ایئرپورٹ پر ایک دن میں ریکارڈ 14 پروازیں، سیاحت اور معیشت کے لیے خوش آئند اشارہ

سکردو ایئرپورٹ پر ایک دن میں ریکارڈ 14 پروازیں، سیاحت اور معیشت کے لیے خوش آئند اشارہ

سکردو : گلگت بلتستان کے خوبصورت شہر سکردو کے ہوائی اڈے نے بدھ کے روز ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے ایک دن میں 14 پروازیں آپریٹ کر کے اپنی تاریخ کا مصروف ترین دن مکمل کیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق، بدھ کے روز 16 پروازیں شیڈول تھیں، جن میں سے 14 نے کامیابی سے آپریشن مکمل کیا۔

رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی 4، اور نجی ایئر لائن ائیر بلیو کی 2 پروازیں سکردو پہنچیں۔ اس کے علاوہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے آنے والی سات پروازیں بھی سکردو میں لینڈ ہوئیں، جو ملک کے تین بڑے شہروں سے اس خوبصورت خطے کی بڑھتی ہوئی فضائی رسائی کی نشاندہی کرتی ہیں۔

اسی روز سکردو سے لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے لیے بھی 7 پروازیں روانہ ہوئیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نہ صرف آمد بلکہ روانگی کے لحاظ سے بھی یہ دن بے حد اہم رہا۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سکردو ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیوں میں یہ اضافہ نہ صرف سیاحت کے فروغ کا ثبوت ہے بلکہ یہ علاقے کی معیشت کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ ہے۔

ادارے نے امید ظاہر کی ہے کہ سکردو جیسے خوبصورت علاقوں کی بہتر فضائی رسائی مستقبل میں سیاحتی صنعت کو مزید تقویت دے گی اور مقامی روزگار، کاروبار اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گی۔

ٹیگز: