واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ دو ہفتوں میں طے کریں گے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں یا نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
کیرولین لیویٹ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکا نے ایران کو مذاکرات کے لیے 60 دن کا موقع دیا تھا، لیکن 61ویں دن اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس بنیاد پر فیصلہ کریں گے کہ مستقبل قریب میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے امکانات کتنے مضبوط ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے، مگر یہ واضح نہیں کہ صدر کیوں سمجھتے ہیں کہ مذاکرات کے امکانات اچھے ہیں۔
جب ایران میں حکومت کی تبدیلی (رجیم چینج) کے حوالے سے سوال کیا گیا تو کیرولین لیویٹ نے کہا کہ صدر کی پہلی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا ہے۔
وائٹ ہاؤس ترجمان نے یہ بھی کہا کہ یورپی یونین اور ایران کے درمیان رابطے کل دیکھیں گے اور کہا کہ چین کی جانب سے ایران کی جنگ میں فوجی مداخلت کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔