اسلام آباد : پاکستان میں پری مون سون سیزن کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 23 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ میں بھی کئی علاقوں میں کل سے بارش کی توقع ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے اور نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں نکاسی آب کا نظام کمزور ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں پری مون سون سسٹم پہلے ہی داخل ہو چکا ہے، جہاں حالیہ دنوں میں مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر ان دنوں کے دوران جب بارش کا سلسلہ تیز ہو۔